اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی اعلیٰ عہدیدار کی طرف سے ایک کشتی کو پاکستانی دہشت گردوں کی کشتی قرار دینے کی سازش کا بھانڈا پھوڑنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف بے سروپا الزام تراشی میں کسی بھی حد سے گزر سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے اس طرزعمل کا نوٹس لے۔ واضح رہے کہ اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا کہ کشتی سواروں نے خودکشتی تباہ نہیں کی۔ بھارتیوں نے بیدردی سے ایک کشتی پر چار بے گناہوں کی جان لے لی اور اس واقعہ کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھی کوشش کی جو بھارت کے ان دعوئوں کی قلعی کھولنے کیلئے کافی کہ وہ پُرامن ملک ہے، بھارت اس واقعہ میں ملوث ہونے کے علاوہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس جیسے المناک سانحات میں بھی ملوث ہے مگر الزام تراشی پاکستان کے خلاف کرتا ہے۔ پاکستان امن کا متمنی ہے مگر امن کیلئے پاکستان کی خواہش کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ کشتی تباہ کرنے کے واقعہ سے بھارت کہ اصلی چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عالمی قوانین کی نہ صرف خلاف ورزی کی اور چار بے گناہ شہریوں کی جان بھی لے لی۔ بھارت نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں اور ایک بار پھر اپنا مکروہ چہرہ دکھا دیا۔ ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی پرواہ نہیں، لوشان کا بیان بھارتی حکومت کے موقف کے برعکس ہے۔ بھارت اس طرح پہلی بار نہیں بلکہ ہمیشہ ایسی حرکات کرتا رہتا ہے۔