لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی وضاحت میں اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ کھلاڑیوں اور غیر ملکی فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن کے درمیان اختلافات رہے ہیں تاہم اس بات کی تردید کی ہے کہ گرانٹ لوڈن نے آسٹریلیا نیوزی لینڈ کیخلاف جاری ورلڈ کپ کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ کھلاڑیوں اور فیلڈنگ کوچ کے درمیان اختلافات نے ایک مرتبہ پھر جنم لے لیا ہے جس کی بناء پر زمبابوے سے تعلق رکھنے والے فیلڈنگ کوچ نے عہدے سے مرتبہ پھر استعفیٰ دیدیا ہے۔ کرائسٹ چرچ سے ٹیم کے ترجمان آغا اکبر کے بیان کے مطابق ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کے ساتھ کسی قسم کے کوئی معاملات چل رہے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تھا جبکہ گرانٹ لیوڈن نے اضافی ایک گھنٹہ تک فیلڈنگ پریکٹس کرائی تھی۔ ترجمان نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ سے قبل فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن نے مئی 2015ء سے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس وجہ سے انہوں نے ایسا کیا تھا اس معاملے کو سلجھا دیا گیا تھا جس کے بعد گرانٹ لیوڈن نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔
کھلاڑیوں، فیلڈنگ کوچ میں اختلافات رہے، استعفیٰ نہیں دیا : پی سی بی
Feb 19, 2015