لاہور (نمائندہ سپورٹس / سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش نے کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیف سلیکٹر اظہر خان اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پرائیویٹ لیگز کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ ایک پلان کے تحت کھیلتے نظر آئے۔ انعام الحق اور تمیم اقبال نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت بلے بازی کی اور شروع کے اوورز میں وکٹیں سنبھال کر رکھیں۔ بعد میں شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے بہترین بلے بازی سے ایک اچھا سکور بورڈ پر سجا دیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش نے مثبت کرکٹ کھیلی ہے۔ انہوں نے اچھے پلان کے ساتھ بیٹنگ اور باؤلنگ کی۔ باؤلرز نے اچھی لائن و لینتھ پر باؤلنگ کرکے بروقت وکٹیں حاصل کرکے افغانستان کو ہدف حاصل کرنے سے روکا۔ شکیب الحسن نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عالمی کپ میں شامل کسی بھی ٹیم کو کمزور سمجھنا غلط ہو گا۔ تمام ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ آئی ہیں۔