انقرہ اسلام آباد ، لاہور (نیوز ایجنسیاں، خصوصی رپورٹر) ترکی نے انقرہ میں بم دھماکے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے سرحد پار سخت جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔صدر طیب اردگان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں اور سرحد پار اس قسم کے حملوں کی وجہ سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ترکی کسی بھی وقت، کسی بھی جگہ یا کسی بھی موقع پر اپنے خود کے دفاع کے حق کے استعمال سے گریز نہیں کرےگا۔رائٹرز کے مطابق اردگان نے بھی اپنا آذربائیجان کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں اور سرحد پار اس قسم کے حملوں کے جواب دینے کے لئے ہمارا عزم مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ حملہ کرنے والوں نے تمام اخلاقی، انسانی حدیں پار کیں، ترقی حملہ آوروں کے ساتھ ان کے پیچھے طاقتوں سے بدلہ لے گا، انقرہ دھماکوں کی امریکہ، روس نے بھی مذمت کردی۔ ترکی کے وزیر اعظم احمد داو¿د اوغلو نے انقرہ میں ہونے والے دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث 9افراد کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے شام میں موجود کرد ملیشیا پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان دھماکوں کے پیچھے ہے۔ احمد داو¿د اوغلو نے کہا کہ اس ملیشیا سے تعلق رکھنے والے افراد ترکی میں کردوں کی کالعدم تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کے عناصر کے ساتھ مل کر یہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ دریں اثناءجنوب مشرقی ترکی کے شہر دیار بکر میں ایک فوجی قافلے کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس میں 7 فوجی ہلاک ہو گئے ۔ یہ دھماکہ ترکی کے شہروں دیاربکر اور بنگول کو ملانے والی شاہراہ پر ہوا ۔کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انقرہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے 28 افراد میں سے 26 سپاہی تھے۔ انہوں نے کہا کہ خودکش بمبار شناخت شام کے شہری صالح نقار کے طور پر کر لی گئی ہے جو شامی کردستان پیپلز پروٹیکشن یونٹ (وائی پی جی ) کا رکن تھا۔ دوسری جانب ترک فضائیہ نے شمالی عراق میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق ترکی فضائیہ نے کرد باغیوں کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ہیں جبکہ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے انقرہ میں بم دھماکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی بھرپور مذمت کی ہے۔ جمعرات کو اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے درد میں برابر کے شریک ہیں۔ ترکی عالمی امن کے لئے جو کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ اس کی تعریف کی ہے۔ جمعرات کے روز وزیراعظم ہاﺅس سے جاری بیان میں کہا گیا وزیراعظم نواز شریف نے انقرہ میں دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستان دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے تمام ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
ترکی/صدر، وزیراعظم