ادویات مہنگی کرنے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی جائے: قائمہ کمیٹی سینٹ

اسلام آباد (اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوارڈنیشن کے چیئرمین سینیٹر سجاد حسین طوری نے وزارت اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے جنہوں نے قیمتوں میں اضافہ کر کے لوٹ مار کا بازار گرم کیا۔ سینیٹر سجاد حسین طوری نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کا تعین حقائق کو سامنے رکھ کر کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ کمیٹی نے پاکستان تحقیقاتی کونسل برائے صحت بل2015کی بھی منظوری دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے صحت کے شعبے پر اچھے اثرات مرتب ہونگے اور زیادہ موثر اور پیشہ ورانہ انداز میں تحقیق کے شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جن کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ان ادویات کا متبادل ڈھونڈا جائے ا ور اس سلسلے میں عوام کو بھی آگاہ کیا جائے۔ کمیٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو انتہائی نامناسب قرار دیا اور اس فیصلے کو فوراً واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ وزارت اور ادارے اس سلسلے میں کارروائی کریں اور کسی کے ساتھ رعایت نہ کی جائے۔
قائمہ کمیٹی سینٹ

ای پیپر دی نیشن