لاہور (نیوز رپورٹر) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بائیں سرنگ کے دو حصوںکو دریائے جہلم اور نیلم کے کراسنگ ایریا میں انتہائی درستگی کے ساتھ باہم منسلک کر دیا گیا ہے۔اس اہم کامیابی کے تناظر میںنیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حکام نے ریور کراسنگ ایریا میں بائیں سرنگ کے اندر ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ چیئرمین واپڈا ظفر محمود، ممبر (فنانس) واپڈا انوارالحق، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد زبیر کے علاوہ کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹس کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممبر(فنانس) واپڈا نے میڈیا کے نمائندوں کو منصوبے کی تعمیر کیلئے مالی انتظامات کے حوالے سے یقین دلایا اور کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے فنڈز کی دستیابی سے متعلق مسائل کو کم و بیش حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر اب تک 250 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسرنیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے میڈیا کے نمائندگان کو منصوبے کے مختلف حصوں پر پیش رفت کے بارے میں بتایا۔