لاہور (اے پی پی) نجی یونیورسٹی کے100 سے زائد طلبا اور طالبات نے پاک فوج کے ہمراہ مصروف دِن گزارا۔ اِس ایک روزہ پروگرام کا مقصد طلباء میں سکیورٹی سے متعلق آگاہی، خود اعتمادی اور جذبہ حب الوطنی کو مزید اجاگر کرنے کے علاوہ اور پاک فوج کی دفاعی ذمہ داریوں اور پیشہ وارانہ صلاحیت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ طلباء و طالبات نے دِن کا آغاز یادگار شہداء پر سلامی اور فاتحہ خوانی سے کیا۔ اُنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہا اور خراج ِعقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد اُنہیں پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت ، مستعدی اور سُبک رفتاری سے متعلق ایک عملی مظاہرہ دکھایا گیا۔ اُنہیں پاک فوج کے زیر استعمال اسلحہ اور آلات کی مختلف اقسام کے بارے میں ایک مفصل بریفنگ دی گئی اور چھو ٹے ہتھیاروں کا استعمال اور فائر بھی سکھایا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر طلباء و طالبات نے قصور گنڈا سنگھ والا پاک بھارت چیک پوسٹ پر پرچم اُتارے جانے کی پُرجوش تقریب دیکھی۔