لاہور(نمائندہ سپورٹس ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ میری نظریں ایشیا کرکٹ کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈپر ہیں کنٹریکٹ کی مدت بڑھانے پر نہیں ‘میرے کنٹریکٹ میں ابھی تین چار ماہ باقی ہیں ۔ٹیم کی کوچنگ کرنا بہت مشکل کام ہے ‘آپ اچھا کام کریں یا مایوس کن ‘میں نے ذمہ داری چیلنج سمجھ کر قبول کی تھی ۔پاکستان کو آئندہ ٹورنامنٹس میں کامیابی کیلئے سخت محنت کرناپڑے گی۔پہلے ایشیا کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے جس کے بعد تبدیلیوں کے بارے میں سوچا جائے گا۔سلیکٹرز نے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے اور ہم نے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھنا ہے۔احمد شہزاد کو ڈراپ کرنے کے حوالے سے کہا کہ یہ ذاتی پسند یا ناپسند کا مسئلہ نہیں ‘احمد مسلسل پرفارم کرنے میں ناکام رہا ہے۔وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے قومی ٹیم میں شامل ہوسکتا ہے۔پاکستان سپر لیگ انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں پل کا کردار اداکرے گی۔پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اچھا پلیٹ فارم ہے‘وہ پرفارم کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں آسکتے ہیں ۔