کوئٹہ (اے این این) آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور بلوچستان کے عوام نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا، سی پیک صرف راہداری کا نام نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی کی اٹل حقیقت ہے، ملکی ترقی کے خلاف اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، اب ترقی کی منزل قریب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت اور تمپ کا دورہ کے موقع پر بلوچستان ریزیڈیشنل کالج تربت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو ورغلانے والوں کے اپنے بچے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ غریب کے بچوںکو بہکا کر ریاست کے مخالف ورغلایا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کے بجائے قلم تھما دیا ہے۔ نوجوان تعلیم حاصل کر کے ترقی کے ثمرات سمیٹیں اور ملک اور قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ رہیں۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم احمد انجم نے بی آر سی تربت کے پانچ ذہین طلباء کو سکالر شپ اور کالج مطالعاتی ٹور کیلئے 5لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان اور چین نے راہداری منصوبہ شروع کیا تو بوکھلاہٹ کے شکار عناصر نے اسے دیوانے کا خواب کہا مگر آج یہ خواب سب کے سامنے ایک حقیقت بن چکا۔ اب یہ منصوبہ صرف دو ملکوں کے درمیان نہیں بلکہ دنیا کے نقشے پر موجود کئی ممالک اس میں شمولیت کے خواہشمند ہیں۔ اب یہ سفر رکنے والا نہیں۔ کافی سفر ہو چکا ہے اب منزل قریب ہے۔