سینٹ الیکشن‘ کاغذات واپسی کی آج آخری تاریخ، مسلم لیگ ن کے کورنگ امیدوار دستبردار ہونگے

لاہور(فرخ سعید خواجہ) سینٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آج سوموار 19فروری آخری تاریخ ہے، سو پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے جنرل نشستوں پر کورنگ امیدوار اسحاق ڈار‘ سمیع اللہ چودھری‘ ملک شکیل اعوان اور عرفان احمد ڈاہا اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے جبکہ ٹیکنوکریٹس کی نشست پر نصیر احمد بھٹہ اور مینارٹی کی نشست سے ولیم مائیکل کاغذات نامزدگی واپس لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا جنرل نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے سامنے امیدواروں میں ڈاکٹر آصف کرمانی، ہارون اختر خان، زبیر گل، شاہین خالد بٹ، مصدق ملک اور رانا محمودالحسن شامل ہوں گے۔ ٹیکنوکریٹس، علماء کی نشستوں پر اسحاق ڈار، حافظ عبدالکریم، خواتین کی خصوصی نشستوں پر نزہت عامر صادق، سعدیہ عباسی اور مینارٹی کی نشست پر کامران مائیکل حتمی امیدوار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سینٹ کا الیکشن کلین سویپ کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی اپوزیشن جماعتوں کی منصوبہ بندی کو دیکھ کر مرتب کرے گی۔ اپوزیشن جماعتوں نے جنرل نشستوں، ٹیکنوکریٹس / علمائ، خواتین اور مینارٹی کی نشستوں پر متفقہ امیدوار بنالئے اور باقی تمام نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تو مسلم لیگ (ن) کے ممبران کے گروپ میں کتنے کتنے ممبران شامل کرنے ہیں اس کا فیصلہ کرلیا جائے گا جبکہ تمام پارٹیوں کے امیدواروں کی موجودگی میں ہر گروپ میں ممبران کی تعداد میں لگ بھگ 46 ممبران ہوں گے۔ ہر گروپ میں شامل ارکان اسمبلی پارٹی ہدایت کے مطابق پارٹی امیدواروں کو پہلا ترجیحی اور دوسرا ترجیحی ووٹ ڈالنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن