سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کے چھاپے اور محاصرے،سابق مجاہد کے دو بھائیوں سمیت 5افراد گرفتار کر لئے جبکہ فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔قابض فورسز کی لوگوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال،خواتین اور بچوں سمیت اہل خانہ پر تشدد، ،بھارتی سورماؤں نے کئی نجی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا،عوام کا شدید احتجاج، اہلکاروں پر پتھراؤ،مساجد سے اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے ۔مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ، ترال اور ہندوارہ کے درجن بھر دیہات میں کریک ڈائون کرتے ہوئے5 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ حاجن میں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔کریم آباد پلوامہ میں کریک ڈائون کے دوران توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کے بعد ایک سابق جنگجو کے دو بھائیوں سمیت5افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔واقعہ کے خلاف لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ رات گئے پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی بھاری تعداد نے کریم آبادگائوں کو محاصرے میں لیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز اہلکار دیواریں پھلانگ کر رہائشی مکانوں کے صحنوں میں داخل ہوئے۔اس دوران کئی گھروں پر چھاپے ڈالے گئے۔ کئی گھنٹوں کی تلاشی کے بعد فورسز اہلکاروںنے بغیر کسی اشتعال کے گھروں میں گھس کر نہ صرف لوگوں کی بلا لحاظ عمر و جنس شدید مارپیٹ کی بلکہ تعمیرات اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ادھر کھٹوعہ میں 8سالہ آصفہ کی عصمت ریزی اور مابعد اسے قتل کرنے میں ملوث ایک ایس پی او کے حق میں بھاجپا کے ایک لیڈر کی حماتیوں کیساتھ ترنگا لہرا کر احتجاجی ریلی نکالنے کو ریاست کی سبھی مزاحمتی، سیاسی ، مذہبی،سماجی اور دیگر جماعتوں نے بدترین فرقہ واریت قرار دیا ہے۔ صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھاجپا لیڈر کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی سے ریاست میں فرقہ پرستی کے رجحان کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔ ادھر مشترکہ مزاحمتی قیادت علی گیلانی‘ میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کو طویل عرصے بعد میڈیکل انسٹی ٹیوٹ صورہ لے جایا گیا جہاں ان کے پیس میکر کے علاوہ یورولاجی چیک اپ کرایا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹروں نے گیلانی کا مکمل طبی معائنہ کرنے کے علاوہ الٹراساونڈ اور دیگر ضروری ٹیسٹ بھی کرائے ۔ اس دوران گیلانی نے علیل محمد یسین ملک کی بھی عیادت کی۔ ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ بھارتی پیراملٹری سی آر پی ایف مظاہرین سے نمٹنے کیلئے فرانسیسی ساختہ بکتر بند گاڑیوں سے لیس ہیں۔ بھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں پر مسلسل حملوں کے پیش نظر بھارتی شہر چندی گڑھ میں کشمیری طلبا نے متحد ہو کر اپنی ایک یونین بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ این این آئی کے مطابق حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک دہشتگرد نہیں حریت پسند راہنماء ہیں،یاسین ملک کو بھارتی فوج نے مظالم کے ذریعے زندہ نعش بنا دیا ہے، یاسین ملک کے کھانے میں شیشے پیس کر ڈالے جاتے ہیں ٗیاسین ملک کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقلی کا مطالبہ کرتی ہوں،یاسین ملک کی صحت سے متعلق شدید تشویش ہے۔ اتوار کو لارڈ نذیر کے ہمراہ نیوز کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ لارڈ نذیر پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگرکر رہے ہیں، یاسین ملک کی سلو پوائزنگ کی جا رہی ہے، یاسین ملک کو مصنوعی تنفس پر رکھا گیا ہے، میری بیٹی اپنے باپ سے ملنے کو ترس رہی ہے،یاسین ملک کی رہائی کیلئے عالمی سطح پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، بھارت غیر اعلانیہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے،مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں قیام امن ممکن نہیں،پاکستان میں ہونے والی تمام دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، یاسین ملک سیاسی قیدی ہیں، ایل او سی پر بھارتی جارحیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی راء کا اثر بڑھتا جا رہا ہے۔