کراچی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر ماحولیات سنیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد کراچی میں ایک بڑے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے ان کی خواہش ہے کہ جتنی اہمیت لاہور کو وہاں ہونے والی ترقی سے حاصل ہے اس سے زیادہ اہمیت کراچی کو حاصل ہو اس ہی وجہ سے انھوں نے کراچی پیکیج سمیت کراچی کو کئی بڑے ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں، آئندہ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام نواز شریف کو ووٹ دیں گے، ہمارے لوگوں کے ہونٹوں پر تالے لگائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ سینیٹر سلیم ضیائ،خواجہ طارق نذیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سنیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ لودھراں جسطرح سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ نواز شریف پر لگائے جانے والے الزمات جھوٹے ہیں اور عوام نے ان کا اثر نہیں لیا۔انھوں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دنوں جماعتوں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور دونوں جماعتیں سندھ میں چالیس سالوں سے حکومیتیں کرتی چلی آرہی ہیں، سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہورہا ہے کہ سندھ میں اراکین اسمبلی کو بھیڑبکر یوں کی طرح سینٹ کے الیکشن کے لئے خرید و فروخت کی جارہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں کوئی فرق نہیں ہے ایم کیو ایم والے جو کچھ کر رہے ہیں یہ ڈرامہ ہے۔انھوں نے کہا کہ حکیم بلوچ جہاں سے آئے تھے وہیں واپس چلے گئے۔ اس لئے کہ ان پر پیپلز پارٹی کا رنگ چڑھا ہوا تھا۔