راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ضلع راولپنڈی کے نواح میں جنگلات کی کٹائی ، جگہ جگہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کیلئے چلنے والے بلڈوزروں کی گھن گرج اور دھوئیں سے چرند پرند غائب ہوگئے لوہی بھیر ، تخت پڑی کلرسیاں کے علاقے میں سرکاری جنگلات جہاں کبھی شکاری گھومتے تھے اب ان علاقوںمیں جنگلات کم کونے سے جنگلی حیوانات اور پرندوں کے ٹھکانے بھی ختم ہوگئے جس سے ضلع کے اطراف قدرتی حسن اور پرندوں کی چہچہاٹیں بھی ماند پڑ گئیں ان علاقوں میں اکا دکا پرندے اور دیگر جنگلی جانور نظر تو آتے ہیں لیکن ان مقامات پر اب ان کے مستقل ٹھکانے نہیں رہے محکمہ جنگلات راولپنڈی کے سکستھ روڈ اور سواں کے علاقے میں دفاتر میں بیٹھے کنزویٹرز اور دوسرے ذمہ دار عملہ نے اس صورتحال کے بارے میں کبھی مجاز حکام کو اصلاح احوال کیلئے کوئی مکتوب ارسال نہیں کیا آر ڈی اے کی جانب سے سوسائٹیوں کو این او سی کی بھرمار میں انسانی آبادی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے جنگلات کے ضروری حجم کے حوالے سے کبھی حکام نے کوئی میٹنگ نہیں کی جس کی وجہ سے ضلع میں جنگلات کا سائز تیزی سے کم ہوا ہے ۔