سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے عدالتی اشتہاری اسحاق ڈار اور کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے مگر الیکشن اپیلٹ نے کسی قانونی جواز کے بغیر ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔دونوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے،بیرون ملک سفر کی تفصیلات فراہم نہیں کیں،بینک اکاﺅنٹس کی غلط تفصیلات فراہم کیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ کاغذات نامزدگی میں آئین کے آرٹیکل 62اور 63کا اطلاق نہ کئے جانے پر اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔