ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے عہد کیا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں وہ مہاجرین کے لیے کام کرنے والے اداروں پر ٹیکس بڑھا دیں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہاکہ اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہوئے تو ان کی نئی حکومت مہاجرین کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری اداروں پر ٹیکس بڑھا دیں گی۔ اسٹیٹ آف دی نیشن خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ مسلمانوں کی امیگریشن یورپ کو تباہ کر دے گی۔ ہنگری میں قومی الیکشن آٹھ اپریل کو منعقد کیے جا رہے ہیں۔وکٹور اوربان نے اپنے عوامی خطاب میں ایسی غیر سرکاری تنظیموں کے بارے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ان این جی اوز نے اپنی خطرناک کارروائیاں نہ روکیں تو انہیں ملک سے ہی نکال دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بے شک یہ غیر سرکاری ادارے بہت زیادہ مالدار ہی کیوں نہ ہوں لیکن انہیں ہنگری میں مہاجرین کے لیے کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔اس مجوزہ قانون کے تحت پناہ کے متلاشی افراد کی خاطر کام کرنے والے غیر ملکی امدادی اداروں پر پچیس فیصد ٹیکس لاگو کیا جائے گا جبکہ انہیں ملکی سرحدوں پر قائم کردہ عارضی رہائشی کیمپوں میں داخلے کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔اسٹیٹ آف دی نیشن خطاب میں وکٹور نے دہرایا کہ مسلمانوں کی یورپ آمد سے مغربی تہذیب و ثقافت تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا، اسی مہاجرت کی وجہ سے یورپ پر خطرات کے سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں۔وکٹور اوربان کے مطابق یورپی باشندوں کو احساس ہی نہیں ہے کہ حملہ ہو چکا ہے اور یورپ کو فتح کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مذہبی نعرہ لگاتے ہوئے مزید کہا، مسیحیت ہی یورپ کی آخری امید ہے۔