اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سعودی جیلوں میں قید 2017ءپاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جذبہ خیر سگالی کی تعریف کی۔ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ رہائی کے حکم پر پوری پاکستانی قوم، قیدیوں کے اہلخانہ سعودی ولی عہد کے جذبہ خیر سگالی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پی پی رہنما خورشید شاہ نے لاہور میں شہبازشریف سے ان کے گھر پر ملاقات کی خورشید شاہ نے شہبازشریف کو رہائی پر مبارکباد دی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جو علاج فراہم کیا جا رہا ہے اس پر ہم مطمئن نہیں ہیں ، نوازشریف کا علاج ہونا چاہیے ان کا علاج بہتر نہیں ہورہا ہے۔ شہباز شریف پیر کو ایک بار پھر جناح ہسپتال پہنچے اور نواز شریف کی عیادت کی ۔یہ ملاقات 48منٹ تک جاری رہی جس میں شہباز شریف نے ان کے علاج سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ اپوزیشن لیڈر نے ہسپتال پہنچتے ہی میڈیکل بورڈ کو کمرے میں بلا لیا اور نواز شریف کے ٹیسٹ اور علاج پر ڈاکٹرز سے صلاح مشورے کئے۔ دوسری جانب دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظرسابق وزیر اعظم نواز شریف کی جناح ہسپتال میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، پولیس نے جناح ہسپتال اور اطراف میں 27 مقامات کو انتہائی حساس قرار دے دیا، پولیس اور حساس اداروں کی رپورٹ کے بعد جناح ہسپتال میں سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔
شہباز شریف