اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارت سمیت دنیا کے کئی ملکوں کے میڈیا نے سعودی کرا¶ن پرنس محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو نمایاں کوریج دی ہے۔ بھارتی میڈیا نے لکھا ہے کہ پاکستان میں سعودی عرب کے ولی عہد کو شاندار پروٹوکول دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کرا¶ن پرنس محمد بن سلمان کو خود ائرپورٹ سے کار میں ڈرائیو کر کے وزیراعظم ہا¶س تک لے گئے۔ بھارتی میڈیا نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالر کے معاشی سمجھوتوں کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ترجیحی تجارتی سمجھوتہ پر بھی دستخط کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے کرا¶ن پرنس محمد بن سلمان کے اس ٹویٹ کو نمایاں کوریج دی ہے جس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ”مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھا جائے“ بھارتی میڈیا نے لکھا ہے کہ محمد بن سلمان کے اسی جملے نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔ بھارتی میڈیا نے کرا¶ن پرنس کی وزیراعظم ہا¶س سے ایوان صدر تک بگھی میں سفر کو بھی بڑی اہمیت دی ہے۔ سعودی عرب کے اخبار سعودی گزٹ نے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں سعودی لیڈر کے شاندار استقبال کو جامع کوریج دی ہے۔ سعودی گزٹ نے لکھا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کو شاہی مہمان کی تصویروں اور خیرمقدمی بینروں سے سجایا گیا۔ سعودی گزٹ نے 20 ارب ڈالر کے سمجھوتوں کا بھی ذکر کیا ہے۔ افغان اخبار کابل ٹائمز نے بھی سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو کوریج دی ہے۔ خلیج کے اخبار گلف نیوز نے سعودی ولی عہد کے دو روزہ دورے کو نمایاں کوریج دی ہے۔ گلف نیوز نے نور خان ائربیس پر وزیراعظم عمران خان کے اس فقرے کو نمایاں کیا ہے جس میں عمران خان نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ ”اگر آپ پاکستان میں انتخاب لڑیں تو آپ مجھ سے بھی زیادہ ووٹ لیکر کامیاب ہوں“ آپ پاکستان میں بہت مقبول ہیں۔
غیرملکی میڈیا