اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر ِمملکت عارف علوی نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو پیر کے روز ایک پروقار تقریب کے دوران پاکستان کااعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ عطا کردیا۔ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کابینہ ، سفارت کار، حکام اور عمائدین بھی شریک تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔وزیراعظم عمران خان، صدرِمملکت عارف علوی اور سعودی علی عہد محمد بن سلمان اسٹیج پر موجود تھے۔اس سے قبل سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاو¿س سے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدارتی بگھی میں ایوانِ صدر کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران پریذیڈنٹ باڈی گارڈ دستے ان کی حفاظت میں مامور تھے۔اس رجمنٹ کو بابائے قوم محمد علی جناح کے پہلے حفاظتی دستے کا اعزاز حاصل ہے۔ سڑک کے دونوں اطراف ثقافتی طائفے فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔ایوانِ صدر پہنچنے پر محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں مرکزی دروازے پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا استقبال کیا جب کہ اس دوران وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
نشان پاکستان
سعودی ولی عہد کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ”نشان پاکستان“ سے نوازا گیا
Feb 19, 2019