لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف دشمنی میں اس قدر آگے نکل چکی ہے کہ اس نے پاکستانی کھیلوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے نشتریاتی حقوق حاصل کرنے والی آئی ایم جی ریلائنس پروڈکشن کمپنی کو میچز ٹیلی کاسٹ کرنے سے روک دیا ہے۔ کھیلیں ہمیشہ سے پیار اور محبت کا درس دیتی ہیں لیکن بھارت نے اس کو بھی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ خصوصی گفتگو میں محمد الیاس کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی بڑھتی ہوئی شہرت بھارت اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو برداشت نہیں ہو رہی ہے ان کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کو نقصان پہنچانے کے لیے پروڈکشن کمپنی کو فوری طور پر پاکستانی میچز کی نشریات بند کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔ پی ایس ایل ایک برانڈ بن چکا ہے جس میں دنیا کے ٹاپ کرکٹرز شریک ہیں، منفی ہتھکنڈوں سے پاکستان سپر لیگ کو کسی طرح نقصان نہیں ہوگا۔ بھارت میں عام انتخابات کی وجہ سے مودی سرکار نے کشمیر میں بھی ظلم و ستم بڑھا دیا ہے جس پر عالمی برداری کو بھی آواز بلند کرنی چاہیے۔ محمد الیاس کا کہنا تھا کہ موہالی سے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹرز جن میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت کئی نامور کرکٹرز کی تصاویر تھیں انہیں ہٹانا قابل مذمت ہے۔ آئی ایم جی پروکشن کمپنی نے اگر ایسا کرنا ہی تھا تو اسے چاہیے تھا کہ اپنے معاہدہ کی پاسداری کرتا، افسوس ایسا نہیں ہوا۔ ۔ پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہئے کھیلیں خصوصاََ کرکٹ لوگوں اور ملکوں کے درمیان پل کا کردار اداکرتی ہے ۔پاکستان کرکٹرز کی تصاویر اتارنا قابل مذمت ہے۔