لاہور قلندرز ‘ملتان سلطانز کی قذافی سٹیڈیم میں بھر پور پریکٹس

Feb 19, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی تیاری کیلئے لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کی ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا کا کہنا تھا کہ ماضی میں کیا ہوا کیا نہیں اس کو بھول کر ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سینئرز کی وجہ سے مجھ پر دباو نہیں ہوگا۔ کیمپ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ فخر زمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال کا سیزن میرے لیے اچھا نہیں رہا تھا، محنت کی ہے امید ہے اس مرتبہ مایوس نہیں کروں گا۔ ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لاہور کراچی لاہور میں فائنل میںکھیلیں تو اس سے بڑی کیا بات ہو گی، پہلا ہدف کوالیفائی کرنا ہے۔ محمد حفیظ کا کہناتھا کہ بہتر ٹیم منتخب کی گئی ہے، حارث رؤف کی شکل میں اچھا کھلاڑی ملا ۔ مجھ پر کوئی دباو نہیں۔ حارث رؤف کا کہنا تھا کہ فوکس پرفارمنس پر ہے پرفارمنس اچھی ہو گی تو مجھے یاد رکھا جائیگا۔ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ محنت کر رہا ہوں ،کوشش کروں گا کہ لاہور قلندرز کیلئے اچھا کروں گا۔ سلمان بٹ نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ کسی قسم کا دباو نہیں، سب کھلاڑیوں کو رولز کا علم ہے مینجمنٹ کے پلان پر عمل کریں گے۔ دلبر حسین اور معاذ خان نے کہا کہ بہت محنت کی ہے سو فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔

مزیدخبریں