لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے اپنے اپنے سکواڈز کو متوازی اور بہترین قرار دیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین ہیں جو گلیڈی ایٹرز کیلئے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہیڈ کوچ پشاور زلمی محمد اکرم پراعتماد ہیں کہ منتخب کردہ متوازی سکواڈ ایونٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریگا۔ کامران اکمل اور وہاب ریاض کو سکواڈ میں برقرار رکھنا پشاور زلمی کی ٹائٹل جیتنے سے متعلق حکمت عملی کا واضح اشارہ ہے۔ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کے سکواڈ میں شامل 4 مقامی کرکٹرز ایسے ہیں جو کنگز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بطور ہیڈ کوچ اویس ضیائ، ارشد اقبال، عمر خان اور اسامہ میر کی صلاحیتوں کے مداح ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز باصلاحیت ہیں،وہ کسی تین کھلاڑیوں کے نام لینے کے بجائے پورے سکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاورکا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل دو کرکٹرز روحیل نذیر اور محمد الیاس سلطانز ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔یہ دونوں کھلاڑی لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کاکہنا ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن سے قبل ڈرافٹ کے بعد ہمیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی حکمت عملی ،لاہور قلندرز کیلئے بڑے ناموں کی بجائے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے۔ متوازی بیٹنگ اور باؤلنگ کمبی نیشن کیساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں ۔ کرس لین اور فخر زمان جیسے جارحانہ مزاج بلے بازوں کی موجودگی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن اپ کا خاصہ ہوگی۔
کوچز نے اپنے سکواڈز کو متوازی ‘بہترین قرار دیدیا
Feb 19, 2020