دکھاوے کے نیک اعمال نہ کئے جائیں: علامہ محمد الیاس قادری

کراچی (نیوزرپورٹر)امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے لوگوں کو دکھانے کیلئے نیک اعمال نہ کئے جائیں، بغض وکینہ دل میں چھپی ہوئی دشمنی کو کہتے ہیں ،بظاہر انسان
اس کا اظہار نہیں کرتا مگر دل میں بغض ہوتا ہے اور دوسرے کونقصان پہنچانے کے درپے ہوتاہے یہ باطنی مرض نہایت خطر ناک ہوتاہے ،عموماً لوگ اس میں مبتلا ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مدنی مذاکرے سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ کینہ ور ایسے بد نصیب ہوتے ہیں کہ شب برات جیسی عظیم رات کو بھی ان کی مغفرت نہیں ہوتی،اللہ کریم ہمارا سینہ مسلمانوں کے کینے سے پاک کردے۔امیر اہلسنت نے کہا کہ بندوں کو دکھانے اور واہ واہ کروانے کیلئے نیکی نہ کی جائے بلکہ اللہ پاک کی رضا کیلئے نیکی کریں، ہم اللہ عزوجل کے لئے نیکی کرنے والے بنیں اس کا کرم بے حد وبے انتہا ہے و ہ رب کریم راضی ہوگیا تو دنیا وآخرت کی نعمتوں کیساتھ جنت بھی ملے گی ۔امیر اہلسنت نے رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناراض رشتہ دار کو صدقہ دینا افضل ہے، اگر کوئی رشتہ دار ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہ کرے تو رشتہ توڑنا نہیں چاہئے بلکہ اس کے ساتھ بھی اچھا سلوک کریں کیونکہ معمولی باتوں پر رشتہ نہیں توڑا جاتا۔امیر اہلسنت نے تعزیت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعزیت ایک بار کی جائے بار بار نہیں اس طرح غم تازہ ہوتا ہے،تعزیت میں مبالغہ آرائی بھی نہ کی جائے ہمیشہ ان الفاظ کا انتخاب کریں جو اللہ پاک کو پسند ہو۔

ای پیپر دی نیشن