کے الیکٹرک نے اپنے پاور انفرااسٹرکچرپرنصب خطرناک ٹی وی و انٹرنیٹ کیبلز ہٹا دئیے

کراچی(کامرس رپورٹر) کے الیکٹرک نے اپنے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ناجائز استعمال کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے گلشن اقبال میں 800 میٹرز سے زائد کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کے تار بجلی کے کھمبوں پر سے ہٹا دئیے۔یہ کارروائی شہر کے پاور انفرااسٹرکچر پر قائم تجاوازت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے کیونکہ ان تاروں کی تنصیب نہ صرف ناجائز ہے بلکہ عوام کے لیے بھی خطرے کا باعث ہیں۔ کے الیکٹرک کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا:کے الیکٹرک کی جانب سے متعدد بار عوامی نوٹسز جاری کرنے کے باوجود کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے والے بعض ادارے بجلی کے کھمبوں پر اپنے تاروں کی تنصیب کا خطرناک کام جاری رکھے ہوئے تھے۔
یہ تاربجلی کے نظام کے درست کام کرنے کی صلاحیت متاثر کر کے غیر محفوظ ماحول پیدا کر رہے تھے اور عوام کے لیے حادثات کا باعث بھی بن رہے تھے۔ ہماری فیلڈ ٹیمیں اگرچہ پاور انفرااسٹرکچر کو غیر قانونی کنڈوں ، ناجائز ٹی وی اور انٹرنیٹ کے تاروں سے نجات دلانے کے لیے باقاعدگی سے مہمیں چلاتی رہی ہیں اِس کے باوجو د ان تاروں کے لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہمارے صارفین کو محفوظ اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔گذشتہ سال اکتوبر میں، سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی درخواست بھی دائر کی گئی تھی جس میں کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کمپنیوں، شہری انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور متعلقہ ریگولیٹرز کو فریق بنایا گیا تھا۔کے الیکٹرک نے درخواست میں کہا تھا کہ ؛ پاور انفرااسٹرکچر کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے اوراُن پر کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں ناجائز تجاوزات قائم کر رہی ہیں۔ پاور یوٹیلیٹی نے مزید کہا تھاکہ بجلی کے کھمبوں پر نصب تار اور دیگر آلات میں بعض اوقات کرنٹ آجاتا ہے اور یہ 400 وولٹ تک کرنٹ گزارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مزید براں، یہ کیبلز نصب کرتے ہوئے ، بنیادی حفاظتی اقدامات کو بھی مدّ نظر نہیں رکھا جاتا، لہٰذا ان میں گزرنے والا کرنٹ ، کھمبوں میں داخل ہو کر ، کے الیکٹرک کی دیگر تنصیبات تک پہنچ کر، نہ صرف عوام کے لئے، بلکہ پاور یوٹلیٹی کے عملے کے لئے بھی شدید خطرے کا باعث بنتاہے ۔کراچی کے شہریوں کی حفاظت اور مفاد کو مدّنظر رکھتے ہوئے، کے الیکٹرک تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے تاکہ شہر ی تحفظ کے بنیادی اصولوں کا نفاذ کرنے کے لئے ، پاور یوٹلیٹی کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔اس حوالے سے واضح منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، تاکہ شہر کے ہر حصہ میں تجاوزات کے اس اہم مسئلے پر قابو پایا جا سکے، اور غیر قانونی کنڈا کنکشن ہٹانے کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کے بلااجازت استعمال کو بھی روکا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن