صدراسلام آباد چیمبرکا دورہ نیول ہیڈکوارٹرز،سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

اسلام آباد /سٹاف رپورٹر/اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد کی سربراہی میں وفد نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چیف آ ف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ نیول چیف نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں اور بحری شعبوں میں مقامی صنعت کی ترقی کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ امیرالبحر نے دفاعی پیداوار کے منصوبوں میں باہمی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کی مد میں خود انحصاری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ وفد کو ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میں نجی شعبے کی شمولیت سے متعلق مختلف منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔ وفد کو پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔بعدازاں ، صدر اسلام آباد چیمبر جناب محمد احمد نے وفدکی جانب سے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی اور پاکستان نیوی کو بلیو اکانومی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام سے بالعموم صنعتی اور بالخصوص دفاعی پیداوارکے شعبے کو فروغ ملے گا۔ سال 2018 میں چیف آف دی نیول ا سٹاف کی پاکستان چیمبر آف کامرس( کراچی) ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اورکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے وفود سے بات چیت کے دوران نیول چیف نے ملک کے سمندری شعبے کی ترقی میں کاروباری برادری کی مطلوبہ شرکت پر زور دیا تھا۔حالیہ بات چیت ملکی خود انحصاری کی طرف کاوشوں کا تسلسل ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کی دفاعی پیداوار کے شعبے میں شمولیت سے خود انحصاری اور مقامی صنعت کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموارہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن