اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ قائداعظم نے ہندوستان کی اکثریت کی اس سوچ کو جان لیا تھا کہ وہ اقلیتوں کے ساتھ اپنا رویہ منصفانہ نہیں رکھیں گے ۔ آج جو کچھ ہندوستان میں ہو رہا ہے وہ جنا ح کی 11اگست1947کی تقریر کو سو فیصد درست ثابت کرتا ہے ۔ ہندوستان کا سیٹیزن شپ ایکٹ کا بنیادی مقصد مسلمانوں کو ایک کنارے پر رکھنا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے ان خیالات کا اظہار پاکستان نیشنل کونسل اف ارٹس میں ادارہ استحکام شرکتی ترقی کے زیر اہتمام "ہم سب کا پاکستان"کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہندوستان میں ٹرکوں سے اتار کر قتل کیا جارہا ہے اور پچھلے 6ماہ میں وادی کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر کے بربریت کی داستان رقم کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم کی 11اگست کی تقریر ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔اور ان اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے آج بھی پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں مذہبی آزادی حاصل ہے۔ شفقت محمود نے کہا ہمار ی زبانیں ،علاقے اور مذہب مختلف ہو سکتے ہیں مگر ہم سب کا دل پاکستانی کے طور پر دھڑکتا ہے۔ کسی بھی معاشرے کی خوبصورتی کے لیے ثقافتی تنوع اور ثقافتی یگانگت دونوں ضروری ہیں۔ پس ہم قومی ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ علاقائی ثقافت کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا وزیراعظم عمران خان ، قائد اعظم کے اصولوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔
ہندوستان سیٹیزن ایکٹ کا مقصد مسلمانوں کو کنارے پر رکھنا ہے،شفقت محمود
Feb 19, 2020