اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی 20-2019 کے منصوبوں کے حالیہ جائزہ کے نتائج اور منصوبوں پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ، سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر کو تمام وزارتوں / ڈویڑن کے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اور بتایا گیا کہ وزارتوں نے مالی سال کی یاد دہانی کے لئے اپنی پیشرفت کی رپورٹس اور اپنا ورک پلان پیش کیا ہے اور مختلف وزارتوں / ڈویڑنوں نے اپنے فنڈز کو دوبارہ مختص کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے تاکہ وہ اسی سال کے اندر ان منصوبوں کو مکمل کرسکیں۔وفاقی وزیر نے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبہ بندی کمیشن کو اب وزارتوں / ڈویڑن کے ساتھ مل کر منصوبوں پر عمل درامد کو یقینی بنانا ہو گا تاکہ دستیاب مالی وسائل کو بغیر کسی تاخیر کے منصوبوں کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکے ، اسد عمر نے کہا کہ منصوبوں پر عمل درآمد سمیت کسی بھی مسائل کو ان کی نالج میں لایا جائے تاکہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔