ارب پتیوں کو سینٹ ٹکٹ دیئے گئے‘ حکومت، نظام دونوں ناکام: سراج الحق 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور نظام دونوں ناکام ہوگئے۔ ڈلیور نہیں کر سکے۔ ملک میں گڈ گورننس کا نام و نشان تک نہیں۔ حکومت مافیاز کے ہاتھوں مکمل یرغمال بنی ہوئی ہے۔  پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اپنے اپنے مفادات کی اسیر ہیں۔ دنوںکی لڑائی عوام کے لیے نہیں۔ ارب پتیوں کو سینٹ ٹکٹ تقسیم کر دیے گئے۔ ورکرز کا کوئی پرسان حال نہیں۔ الیکشن کمشن وزیراعظم کے سینٹ الیکشن کی نگرانی سے متعلق دیے گئے بیان کا نوٹس لے اور ان سے وضاحت طلب کرے۔ گمشدہ افراد کی مائیں، بہنیں پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھی ہیں۔ ان کی آہوں کو نہ سنا گیا تو  عوام حکمرانوں کا گریبان پکڑیں گے۔ ملک میںحقیقی احتساب ہوا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا اب روزانہ آتا ہے۔ سٹیٹس کو، جاگیرداری اور سودی نظام ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو وٹ دیے وہ پچھتا رہے ہیں۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ سرمایہ داروں کے چنگل سے نکلنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ 26 فروری کو بہاولپور میں عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق جو گزشتہ روز سندھ کے مختصر دورہ سے واپس آئے ہیں کا کہنا تھاکہ اندرون سندھ کے گوٹھوں، جھونپڑیوں میں غربت ناچ رہی ہے۔ لاکھوں لوگ ایک وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔ کراچی کی حالت زار نا قابل بیان ہے۔ پی پی اور پی ٹی آئی نے کراچی کے لاکھوں باسیوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پانامہ لیکس میں ملوث سرمایہ داروں کا احتساب نہ ہو سکا۔

ای پیپر دی نیشن