آپریشن جاری‘ کروڑوں کے قبضے واگزار‘ تعمیرات مسمار‘ غیرمنظور شدہ کالونیاں سیل

قصور‘ فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) قبضہ مافیا کیخلاف گزشتہ روز بھی مختلف شہروں میں آپریشن جاری رہا۔ قابضن سے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگزار‘ فیصل آباد میں 6 پلاٹس 3 غیرمنظور شدہ  کالونیوں کو سیل کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ فیصل آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  7 ج ۔ ب ریاض الجنہ میں 4 کروڑ روپے مالیت کی 28 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کرا دیا گیا۔ جبکہ ضلع میں 13روز کے دوران قبضہ مافیا سے11۔ ارب 36 کروڑ روپے مالیت کی 1193 ایکڑ 7 کنال 14مرلے سے زائد زرعی اور کمرشل سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنرز نے 52  کروڑ روپے کی 22 ایکڑ سے  زائد سرکاری زمین سے قبضہ واگزار کرایا۔ ڈپٹی کمشنر  محمد علی نے بتایا تحصیل صدر‘ تحصیل سٹی، تحصیل جڑانوالہ، تحصیل تاندلیانوالہ‘ تحصیل سمندر‘ تحصیل چک چھمرہ میں  آپریشن کیا گیا۔ علاوہ ازیں مدینہ ٹاؤن میں بلامنظوری کمرشلائزیشن تعمیرات پر چھ پلاٹس جبکہ جڑانوالہ میں 3 غیرمنظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کو سیل کر کے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گل کا قبضہ مافیا کیخلاف بھرپور ایکشن‘ 410 کنال سرکاری زمین واگزار کروا کر تحویل میں لے لی۔ پتوکی کے  نواحی  علاقے موضع بیڑ دال‘ بھونیکی اور روڈے میں کارروائی کرتے ہوئے 14 ملین روپے  سرکاری زرعی اراضی کو قابضن سے واگزار کروایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن