لاہور (اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ نے غیر ضروری درخواست دائر کرنے پر درخواست گزار پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔جسٹس فیصل زمان خان نے شاہزانہ کاظمی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ درخواست گزار نے مختلف اشیاء کی اعشاریہ میں قیمتیں مقرر کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔عدالت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے اور نہ ہی اس نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں بتایا، اعشاریہ میں قیمتیں مقرر کرنا بھی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے، عوامی مفاد کا معاملہ کوئی جادوئی چھڑی نہیں جو ہر کسی کے ہاتھ میں دے دی جائے، ایسی غیر ضروری درخواستوں سے اداروں میں افراتفری پھیل سکتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے عدالت اور دوسرے لوگوں کا وقت ضائع کرنے پر درخواست گزار پر پانچ لاکھ جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر درخواست گزار سات دن میں جرمانے کی رقم ادا نہ کرے تو لینڈ ریونیو کے ذریعے وصولی کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ: غیرضروری درخواست دائر کرنے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ
Feb 19, 2021