اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں عالمی کھیلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان کو ایشیا کبڈی کپ 2022اور عالمی کبڈی کپ2024 کی میزبانی مل گئی ہے جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی ٹیم کو کبڈی ورلڈ کپ 2020ء جیتنے پر مبارکباد دی۔ قومی کبڈی ٹیم کے کپتان محمد عرفان کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا ۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے کہا ہے کہ رواں سال ننکانہ صاحب میں انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ اور کرتاپور راہ داری میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 3میچزکھیلے جائیں گے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے مشکور ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کبڈی کپ اکتوبر 2022 میں اور عالمی کبڈی کپ فروری 2024 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔ 2023 میں پاکستان میں کھیلی جانے والی سیف گیمز میں کبڈی کا ایونٹ شامل ہے اور اس سلسلہ میں تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔