اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کی وجہ سے آج ملک مقروض ہے۔ اب شاہ خرچیاں بند ہوگئی ہیں۔ عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں۔ ووٹ خریدنے والی جماعتیں اوپن بیلٹ کے ذریعے الیکشن نہیں چاہتیں۔ ہم ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہمیں عددی برتری حاصل ہے۔ اسی اعداد و شمار کے مطابق سینٹ کی نشستیں جیتیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ انہیں بیرون ملک سے سرجری کرانی ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت کے دوران ملک میں یہ سہولت کیوں نہیں بنائی۔ انہیں کھانسی کے علاج کے لیے بھی بیرون ملک جانا پڑتا ہے۔ ماضی میں معاشی طور پر عوام کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ ماضی کی حکومتوں اور وزیراعظم عمران خان کے طرز حکمرانی کا موازنہ سامنے آگیا ہے۔ ووٹ خریدنے والی جماعتیں اوپن بیلٹ کے ذریعے الیکشن نہیں چاہتے۔ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ کا سلسلہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ حق و باطل جب صف آرا ہوتے ہیں اس طرح کے شیطان ہارس ٹریڈنگ کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صحت کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں۔ سندھ میں صحت کا نظام بہت خراب ہے۔ عمران خان نے کرپشن کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی۔ الیکٹرونک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن میں شفافیت آئے گی۔
ہارس ٹریڈنگ کرنیوالے شیطان، ووٹ خریدنے والی جماعتیں اوپن بیلٹ کیخلاف ہیں: شبلی فراز
Feb 19, 2021