لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جیلوں میں اصلاحات کے پروگرام پر ٹھوس پیش رفت نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور7روز میں جیل ریفارمز سے متعلق ایکشن پلان طلب کرلیا ہے۔ جیلوں میں پنکھوں اور کولروں کی فراہمی پی سی اوز کے فنکشنل ہونے کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس جیل ریفارمز کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ جیل ریفارمز پر فوری پیش رفت چاہتا ہوں۔ گلے سڑے نظام کو تبدیل ہر صورت بدل کر رہوں گا۔ اہداف کا تعین کیا جائے اور ٹائم لائن کے ساتھ ان اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ جیلوں میں اصلاحات لاکر موجودہ نظام کو درست کرنے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو سہولتیں دینے سے کوئی آسمان نہیں گرے گا۔ میٹنگز کر کے سب اچھا ہے کی رپورٹ کسی صورت قبول نہیں۔ اب خانہ پری سے کام نہیں چلے گا۔ جیلوں میں غیر قانونی کام کو ہر صورت روکنا ہوگا۔ ملاقاتیوں سے بھتہ لینے اور قیدیوں کو ٹارچر کرنے کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔ جیلوں میں سب اچھا ہے کی رپورٹ میں کوئی سچائی نہیں۔ قیدیوں کو سردیوں میں گرم پانی ملتا ہے نہ گرمیوں میں ٹھنڈا پانی۔ خواتین قیدیوں اور بچوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ بیرکوں میں رات کے وقت بلب تک نہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل پربات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا سینٹ الیکشن میں منڈیاں لگانے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والوں کے اندر خوف ہے اور انہیں شکست نظر آ رہی ہے۔ ہارے ہوئے عناصر کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑے گی۔ الیکشن میں شفافیت کیلئے اوپن بیلٹ ضروری ہے۔ پنجاب میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔ انشاء اللہ سینٹ الیکشن میں اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئیں گے۔ عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل خان نیازی نے ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا کے بیٹے نعیم چانڈیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خانیوال سے (ن) لیگ کے ایم پی اے فیصل نیازی نے وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی ہر شہر اور علاقے کا حق ہے، ہم یہ حق ضرور ادا کریں گے۔ میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔ عوام کے مسائل جو بھی لے کر آئے گا، حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ عثمان بزدار نے فتح جنگ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور سینیٹر مشاہداللہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔