کراچی (نیوزرپورٹر)انصاری فلمز،عمیر ثنا فائونڈیشن اور چلڈرنز ہسپتال کے اشتراک سے پی ایس ایل کے موقع "جیتا پاکستان"کے عنوان سے تیارکیا جانے والا نغمہ جاری کیا گیا،نغمہ جاری کرنے کا مقصد ملک میں تھیلے سیمیا کے مرض سے آگاہی اور عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔نغمہ ریلیز کرنے کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس سے عمیر ثنا فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف حسین انصاری‘ عمیر ثنا فائونڈیشن کی فنانس سیکریٹری تحسین اختر اور دیگر نے خطاب کیا۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے اور عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کر رہے ہیں،اور عطیہ خون کی اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اس نغمے کا مقصد بھی تھیلے سیمیا کی روک تھام کے لیے آگاہی کی فراہمی اور ملک میں بلڈ ڈونیشن کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔تقریب کے شرکانے توقع ظاہر کی کہ نغمے سے نہ صرف ملک میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے خون دینے کا رجحان فروغ پائے گا بلکہ اس سے نئی نسل میں کرکٹ سے بھی دلچسپی پیدا ہوگئی۔