سفاری پارک میں ہتھنی ملکہ کیلئے عطیات جمع کرنے والوں کو انتباہ

کراچی (خبر نگار) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان علی حسن ساجد نے سفاری پارک میں موجود ہتھنی ملکہ کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں پھیلا کر عطیات جمع کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس عمل سے فوری طور پر ملک و بیرون ملک سے عطیات جمع کرنا بند کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے سمیت ضابطے کی دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ترجمان نے کہا کہ ہتھنی ملکہ کی صحت انتہائی تسلی بخش ہے اور سردی کے باعث ان کی جلد اور پائوں پر جو خشکی نمودار ہوئی تھی وہ بھی اب بہتر ہوگئی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ویٹرنری ڈاکٹر سے باقاعدہ ہفتہ وار ہتھنی کا معائنہ کراتی ہے ، انہوں نے کہا کہ بعض موقع پرست سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلا کر ہتھنی کے علاج معالجے کے لئے عطیات جمع کر رہے ہیںجو قابل گرفت اور غیرقانونی عمل ہے، انہوں نے کہا کہ ہتھنی کی بیماری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی کوئی حقیقت نہیں ہے اور شہری ان نام نہاد تنظیموں کو عطیات ہرگز نہ دیں۔

ای پیپر دی نیشن