جوتا نگلنے والے مگر مچھ کی سرجری کرنی پڑگئی

امریکی ریاست فلوریڈا کے زولوجیکل پارک میں ایک مگر مچھ اس وقت مشکل میں پڑگیا جب اوپر سے گزرنے والے ایک زپ لائنر کے پاؤں کا جوتا نیچے مگر مچھ کے منہ میں جا گرا۔ یہ جوتا مگر مچھ کے معدے میں پھنس گیا اور وہ سخت تکلیف میں مبتلا ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹرز کو اس کی سرجری کرنی پڑی۔ یونیورسٹی آف فلوریڈا کالج آف ویٹرنری 
میڈیسن کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 11 فٹ طویل مگر مچھ کو 5 فروری کو لایا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ابتدا میں مگر مچھ نے جوتے کو اگل دیا تھا لیکن کچھ دیر بعد وہ اسے دوبارہ کھا گیا اور اس وقت وہ اس کے معدے میں پھنس گیا۔ ڈاکٹرز نے مگر مچھ کو قے کروانے کی کوشش بھی کی لیکن جوتا باہر نہ نکل سکا جس کے بعد اس کی سرجری کرنی پڑی۔ سرجری کے بعد مگر مچھ ایک رات ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھا گیا، اس کے اگلے دن اسے واپس اس کے انکلوژر میں منتقل کردیا گیا جہاں پارک کا عملہ اس کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن