ذہنی امراض کی پروینشن کیلئے مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے زیرسایہ علیٰحدہ ونگ قائم کیاجائے گا:وزیرصحت پنجاب

Feb 19, 2021 | 22:05

 وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں سپیشل سیکرٹری سلوت سعید، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر آصف طفیل، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان شاہد، میاں زاہد الرحمن باٹہ، ایم ایس مینٹل ہسپتال ڈاکٹر محمد اشرف و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کے حوالہ سے مختلف تجاویز اور حتمی منظوری کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا۔میاں زاہد الرحمن باٹہ نے مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کے حوالہ سے ایکٹ میں مختلف ترامیم بارے تفصیلات پیش کیں۔
    صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کے حوالہ سے ایکٹ کا ازسرنو جائزہ لیاگیاہے۔ایکٹ کی منظوری کیلئے مسودہ جلد پنجاب اسمبلی میں بھجوایا جائے گا۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کے بعد پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ساکیٹری وارڈز قائم کئے جائیں گے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ ساکیٹری وارڈز کی نگرانی مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کرے گی۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے بورڈ میں محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر، محکمہ سوشل ویلفیئر اور محکمہ پولیس کے ممبران شامل ہوں گے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارذہنی معذور افرادکی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام اٹھایاگیا ہے۔حکومت پنجاب ذہنی امراض کا شکار مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے علیٰحدہ بجٹ جاری کرے گی۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے تمام دفاتر مینٹل ہسپتال لاہور میں قائم کئے جائیں گے۔ذہنی امراض کی پروینشن کیلئے مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے زیرسایہ علیٰحدہ ونگ قائم کیاجائے گا۔ذہنی امراض کا شکار مریضوں کی جائیداد کی دیکھ بھال کیلئے بھی علیٰحدہ ونگ قائم کیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کورونا وائرس کے باعث ذہنی تناؤ کا شکار افراد کیلئے بھی آگاہی پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔مینٹل ہسپتال لاہور کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دے دیاگیاہے۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے بورڈ ممبران کے چناؤ کیلئے بھی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

مزیدخبریں