کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ چاروں صوبائی حکومتیں پاکستان کے تمام مسائل کی جڑ ہیں۔ سارا پیسہ اور وسائل چار وزرا اعلی کے پاس آتا ہے وہ ڈسٹرکٹ کو پیسے اور وسائل نہیں دیتے، پھر بپھرے نوجوانوں کو کہتے ہیں کہ ریاست ظلم کر رہی ہے۔ جب تک اختیارات اور وسائل وزرا اعلی سے چھین کر عوام تک نہیں پہنچائیں جائیں گے تب تک پاکستان کی سالمیت خطرے میں رہے گی۔ ہم 2016 سے لگاتار کراچی سے کشمور تک کے عوام کے حقوق اور وسائل کی بات کررہے ہیں اور اس بوسیدہ اور ناکارہ نظام کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں کیونکہ ہم ریاست کے وفادار ہیں کسی حکومت کے نہیں۔ پاکستان کی عدلیہ، پارلیمنٹ میں بیٹھے حکمرانوں، ریاست چلانے والوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان اور اس کا معاشی انجن کراچی لاوارث نہیں ہے۔ صوبائی حکومتیں کل کے دہشتگرد آج بنا رہی ہیں، آج پاکستان کے پڑھے لکھے نوجوان خود کشی کررہے ہیں، جان لیں کہ 22 کروڑ لوگ خودکشی نہیں کریں گے۔ پی ایس پی ان لوگوں کی جماعت ہے جو وقت کی فرعونیت کے سامنے کھڑے ہوئے، ہم جب کھڑے ہوئے تب ہیلو چل رہی تھی تب ہم آئے تھے، جب خالد مقبول 90 پر کھڑے ہوکر ہمارے خلاف پریس کانفرنس کررہے تھے۔ آج پی ایس پی کی وجہ سے سندھی مہاجر، پنجابی، بلوچ اور پٹھان آپس میں نہیں لڑ رہے، اس شہر کے امن کے لیے پی ایس پی کے کارکنان نے قربانیاں دی ہیں، ہم نے قربانیاں اس لیے نہیں دی تھی کہ پاکستان کو ان حکمرانوں کی جاگیر بنا دیا جائے جنہیں آئین پاکستان کا پاس نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس پی نوابشاھ ڈسٹرکٹ کے عہدیداران اور کارکنان سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بوسیدہ نظام کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں: مصطفی کمال
Feb 19, 2022