اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکی مرکزی اطلاعات سیکرٹری ورکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے فرمائشی گیلپ سروے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرمائشی سروے عوام کی رائے جاننے کا پیمانہ نہیں ہے بلکہ فرمائشی سروے سے عوام میں مقبولیت حاصل کرنے کے لئے سستی کوشش ہے۔ شازیہ مری نے سوال کیا کہ گیلپ سروے کس کی ایماء پر کیا گیا، فنڈنگ کس نے کی، ٹیلیفون کے ذریعے کیا گیا اور کتنے شہروں میں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوامیں تو پیپلزپارٹی کے ووٹروں میں اضافہ ہوا تو پھر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت میں کیسے کمی ہوئی؟ شازیہ مری نے کہا کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے تمام جماعتوں کو شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں کمی کا تاثر دینا سیاسی مہم جوئی کا حصہ ہے۔