بل گیٹس کی جانب سے  پاکستان کی پولیو فری ہونے پر تعریف

Feb 19, 2022

 
وزیراعظم عمران خان سے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کیلئے مکمل پرعزم ہے جبکہ بل گیٹس نے پولیو سے نمٹنے کیلئے پاکستانی قیادت اور ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کا عزم متاثر کن ہے اور پاکستان نے کرونا وبا کے باوجود پولیو ویکسین کا عمل جاری رکھا۔ 
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ گزشتہ چند برسوں سے ملک بھر میں پولیو کے کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا تھا ‘ اس تناظر میں کئی ممالک اپنے باشندوں کو پاکستان بھیجنے پر تحفظات کا اظہار کرر ہے تھے۔ اس تشویشناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے ملک بھر میں پولیو ویکسین مہم کا سختی سے آغاز کیا اور گھر گھر جا کر پولیو ورکرز نے بچوں کو قطرے پلائے۔ کچھ ملک دشمن عناصر نے پولیو ویکسین کیخلاف پراپیگنڈا کرکے اس مہم میں رکاوٹ ہی نہیں ڈالی بلکہ کئی پولیو ورکرز سمیت انکی سکیورٹی پر مامور کئی سکیورٹی اہلکار وں کو اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھونے پڑے۔ اسکے باوجود حکومت نے اس مہم کو جاری رکھا تاکہ پاکستان کو اس موذی مرض سے پاک کیا جا سکے۔ صد شکر کہ گزشتہ ایک سال سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا  جس پر پاکستان کے دورے پر آئے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے پولیو سے نمٹنے کیلئے پاکستانی قیادت اور ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کی تعریف کی۔ پاکستان پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور آج بھی ملک بھر  میں پولیو مہم تسلسل سے جاری ہے ۔ عوام الناس کو بھی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے کسی پراپیگنڈے پر کان دھرے بغیر  اس مہم میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلا کر وطن عزیز کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔ 

مزیدخبریں