افغانستان : کنوئیں میں پھنسا 6 سالہ بچہ انتقال کرگیا، ملا عمر بیٹے رو پڑے

Feb 19, 2022

کابل (نوائے وقت رپورٹ ) افغانستان کے صوبے زابل میں 4 روز سے کنوئیں میں پھنسا 6 سالہ حیدر انتقال کرگیا جبکہ 6 سالہ حیدر کی جان نہ بچا پانے پر افغان وزیر دفاع اور طالبان کے بانی امیر ملا عمر کے بیٹے ملایعقوب رو پڑے۔ مقامی حکام کے مطابق 6 سالہ حیدر تقریباً 33 فٹ نیچے گہرائی میں پھنسا ہوا تھا اور ریسکیو ٹیم موبائل فون کیمرے کی مدد سے بچے کی حالت پر نظر رکھے ہوئے تھی اور اسی کے ذریعے بچے سے بات کی جاتی رہی تھی۔ افغانستان کے وزیر دفاع ملا یعقوب اور طالبان رہنما انس حقانی خود اس مقام پر پہنچے تھے اور مسلسل ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے تاہم آج جب امدادی ٹیم بچے تک پہنچی تب تک بچہ فوت ہو چکا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ 13 گھنٹوں سے بچے کی جانب سے کوئی آواز نہیں سنی گئی تھی۔ اس دوران طالبان کے بانی امیر ملا عمر کے بیٹے، موجودہ نائب امیر و ملٹری آپریشنز کے سربراہ و عبوری وزیر دفاع ملا یعقوب جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔ طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے ملایعقوب کے روتے ہوئے جانے کی ویڈیو شیئر کی۔

مزیدخبریں