نمرتا اور نوشین کی حمایت میں ینگ ڈاکٹرز  کی ریلی 

Feb 19, 2022

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈاکٹر نمرتا اور ڈاکٹر نوشین کے واقعے کے خلاف ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر ڈاکٹرز نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر سول اسپتال کی او پی ڈی کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا جس کی قیادت ڈاکٹر اکرام تنیو، ڈاکٹر شاہ بیگ چانڈیو، ڈاکٹر دیالی گل، ڈاکٹر دھرم پال و دیگر نے کی، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ لمس جامشورو کی جاری کردہ ڈاکٹر نوشین کی ڈی این اے رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوئی، مقدس درسگاہوں کو ہوس کے اڈے بننے سے روک کرلڑکیوں کو تحفظ دیا جائے، ڈاکٹر نمرتا اور نوشین واقعات کے بعد جامعہ بے نظیر کی وائس چانسلر کو ہٹایا گیا لیکن گرفتار نہیں کیا گیا، وی سی کو فوری گرفتار کر کے تحقیقات کی جائیں، انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سندھ کے تعلیمی اداروں میں بچیوں کی تعلیم کو متاثر کرنے کی سازش ہے جسے ناکام بنایا جائے، اگر ایسے واقعات نہ روکے گئے اور قاتل گرفتار نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مزیدخبریں