شکرگڑھ (نامہ نگار) کرتار پور راہداری 1947ء کے بچھڑے خاندانوں کو ملانے میں اپنے کردار کے باعث حقیقت میں امن کی راہداری ثابت ہو رہی ہے۔ آج بھی پاکستان کے ضلع ننکانہ کے علاقہ ماناں والا کے رہائشی شاہد رفیق نے اپنے خاندان کے 35 افراد کے ہمراہ بھارت کے گاؤں شاہ پور ڈوگراں تحصیل اجنالہ ضلع امرتسر کے رہائشی اپنی دادی پروین بی بی اور کزن سونو مٹو سے ملاقات کی۔ 1947ء میں تقسیم کے وقت اقبال مسیح خاندان کے ہمراہ پاکستان آ گیا جبکہ اس کا بھائی عنایت مسیح بھارت میں رہ گیا۔ خاندان کے دونوں بزرگ دنیا سے چل بسے تاہم 2 سال قبل سوشل میڈیا پر دونوں خاندانوں کا آپس میں رابطہ ہوا اور آج کرتار پور کے مقام پر شاہد رفیق اور اس کے خاندان کے 35 افراد نے اپنی دادی عنایت بی بی کزن سونو مٹو سمیت بھارت میں بسنے والے اپنے خاندان کے 8 افراد سے ملاقات کی۔ دونوں خاندانوں کے ملاپ کے وقت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ دونوں خاندان گلے لگ کر روتے رہے۔ ایک دوسرے کو اپنے گزر جانے والے بزرگوں کی باتیں اور یادیں سناتے رہے۔ دونوں خاندانوں نے اپنے ملاپ کو ممکن بنانے والی راہداری تعمیر کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور خراج تحسین پیش کیا۔
خاندان مل گیا