راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے، نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی) راولپنڈی شہر میں جمعہ کے روز بسنت خونی روپ اختیار کر گئی۔ ڈھوک کالا خان میں8 سالہ بچہ ثاقب ولد ساجد پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے نیچے آ گرنے سے جاں بحق ہو گیا اور 65 افراد زخمی ہوگئے۔ اڈیالہ روڈ پر شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار 34 سالہ خاتون نساء فاطمہ ڈور پائوں سے الجھنے اور ایئرپورٹ روڈرحیم آباد پل کے قریب25 سالہ نوجوان موٹرسائیکل سوار ناصر قریشی گلے پر کیمیکل ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے طبی امداد کیلئے بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردیا۔ بسنت کے دوران منہ زور پتنگ بازی سے فضا پتنگوں سے بھر گئی۔ شدید ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور پتنگ بازوں کی ہو ہا سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ بو کاٹا کی آوازوں سے بھی شہر کی فضا گونج اٹھی۔ نوجوان اور کمسن لڑکے چھتوں پر چڑھ گئے۔ کیمیکل ڈوریں بجلی کے تاروں سے الجھتی رہیں۔ کئی علاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔ 700پتنگ باز گرفتار کرلئے گئے۔ شہر میں پتنگ بازوں سے نمٹنے کے لئے ایک ہزار 600 اہلکار تعینات کئے گئے۔ پولیس کے ڈرون شہر کے مختلف علاقوں میں اڑتے رہے لیکن پتنگ بازوں نے ڈرون کیمروں سے بننے والی اپنی تصویروں کی بھی ذرہ برابر بھی پرواہ نہ کی۔ سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض بھی شہر کی اونچی عمارتوں پر پہنچ کر پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ ایس پی راول بابر جاوید جوئیہ، ڈی ایس پی سٹی سرکل چوہدری اثر علی کے ہمراہ شہر میں پتنگ بازوں کی پکڑ دھکڑ میں مصروف رہے۔ پولیس افسران دوربین اور کنٹرول روم کے ذریعے پتنگ بازی کی صورتحال دیکھتے اور پولیس کارروائیوں کی مانیٹرنگ کرنے میں بھی مصروف رہے۔ بسنت کے دوران ہسپتالوں میں الرٹ رہا۔ جبکہ ریسکیو1122، ایدھی اور چھیپا کی امدادی ٹیمیں بھی جگہ جگہ موجود رہیں۔ شہر میں بسنت روکنے کیلئے پولیس کی کوششیں لائوڈ سپیکروں سے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ نہ کرنے اور مری روڈ سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں میں کرائی گئی واکس بھی بسنت منانے والوں کی راہ میں حائل نہ ہوسکیں۔ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی وجہ سے شہری اپنے گھروں میں محصور رہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ، گردن پر ڈور پھرنے سے اور چھت سے گرنے کے واقعات میں 6 سالہ بچہ جاں بحق اور 36 افراد زخمی ہوئے۔ گرفتار افراد سے ہزاروں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا اور پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جمعہ کے روز شیخوپورہ شہر میں پتنگ بازی عروج پر رہی اور تھانہ سٹی اے ڈویژن کی حدود بھکھی روڈ پر ڈور پھرنے سے علی نامی شہری شدید زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ پولیس پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کو پکڑنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے۔ فیصل آباد والوں نے بھی پتنگ بازی پر پابندی ہوا میں اڑا دی۔ اوکاڑہ میں بھی پتنگ بازی سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ سبزی منڈی تھانہ باغبانپورہ ‘ تھانہ ماڈل ٹاؤن نے تین پتنگ فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بتیس سو سے زائد پتنگیں اور درجنوں ڈور کی گوٹیں برآمد کر لیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے جیل بھجوا دیا گیا ہے۔
خونی بسنت
راولپنڈی میں خونی بسنت بچے کی جان لے گئی 65زخمی
Feb 19, 2022