سری نگر(کے پی آئی)جنوبی کشمیر میں دستی بم حملے میں بھارتی فوج کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے ۔ نامعلوم حملہ آووروں نے گزشتہ روز کیگام شوپیان میں سی آر پی ایف کی 14 بٹالین کی گاڑی پر دستی بم پھینکا۔ دستی بم پھٹنے سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور دھماکہ ہوا۔ حملے کے بعدپولیس و فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ادھر پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے زنڈفرن علاقے میں بھاری دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعوی کیا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کے خلاف سراجیوو میں پہلے کشمیر رسل ٹربیونل کی تین روزہ کارروائی کے بعد بھارتی حکومت نے جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے خلاف کریک ڈاون دوبارہ شروع کر دیا ہے ۔جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کے امیر عبد الحمید فیاض سمیت 6 ارکان جماعت کو تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے پوچھ گچھ کے نام پر آٹھ گھنٹے تک حراست میں رکھا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے سرکردہ صحافی فہد شاہ کی غداری کے مقدمے میں گرفتاری کے بعد ایک اور کشمیری صحافی گوہر گیلانی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں۔ ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس شوپیاں کی عدالت نے گوہر گیلانی کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد کریں اور مقبوضہ علاقے میں بے گناہ شہریوں کے ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھارت کو روکیں۔
کشمیر