اسلام آباد‘ پشاور (خبر نگار خصوصی‘ این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے خیبر پی کے حکومت کو انٹر نیشنل ٹیکنیکل سٹینڈرڈ کمیٹی کی جانب سے پشاور بی آر ٹی کو گولڈ سٹینڈرڈ بی آر ٹی سروس کا درجہ دینے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی کی انٹرنیشنل ٹیکنیکل سٹینڈرڈ کمیٹی کی جانب سے پشاور بی آر ٹی کو گولڈ سٹینڈرڈ بی آر ٹی سروس کا درجہ دیتے ہوئے 100میں سے 97نمبرز دیئے گئے ہیں جن کا مطلب ہے کہ یہ سروس تقریبا ہر لحاظ سے عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہے۔ پشاور بی آر ٹی نے شہر میں عوامی نقل و حمل کے نظام میں انقلاب برپا کر دیا ہے، اگست 2020 میں اس کے آغاز سے اب تک 71 ملین سے زائد لوگ اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان گولڈ سٹینڈرڈ بی آر ٹی سروس ایوارڈ حاصل کرنے والا دنیا کا 7واں ملک بن گیا ہے اور ایوارڈ کیلئے 100 میں سے 97 پوائنٹس لے کر عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ درجہ کارکردگی، مسافروں کیلئے منفرد روٹس چلانے، محفوظ سفری سہولت، خواتین کی سفری شرح میں اضافے اور خصوصی افراد کیلئے آسان سفری رسائی سمیت ہر مکتبہ فکر کہ لوگوں کو بہترین سفری سہولت دینے پر دیا گیا ہے۔
پشاور بی آر ٹی