حکومت سرنج پر لگائے جانے والے سیلز ٹیکس پر قائم رہے، شیخ عاصم 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈسپوزیبل میڈیکل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن پاکستان کے ترجمان شیخ عاصم نے کہا ہے کہ حکومت سرنج پر لگائے جانے والے سیلز ٹیکس پر قائم رہے ہم سرینج بنانے والی انڈسٹری سیلز ٹیکس دیں گے، حکومت امپورٹرز کے پراپیگنڈہ میں ہرگز نہ آئے جو کہتے ہیں کہ اگر 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو ملک میں سرنج کی قلت ہو جائے گی ۔ ہم مقامی سطح پر نئی آٹو ڈس ایبل سرنج بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں کہ اگر ملک میں 1 ارب سالانہ کی کھپت ہے تو ہم اس کھپت کوبا آسانی پوری کرسکتے ہیں ڈسپوزیبل میڈیکل ڈیوائس مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن پاکستان کے ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خزانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم 17فیصد سیلز ٹیکس دینے کو تیار ہیں اور اس بات کی یقین دہانی کرواتے ہیں نئی آٹو ڈس ایبل سرنج کی قلت پیدا نہیں ہوگی ۔ ہم امپورٹرزکی جانب سے اس پراپیگنڈہ کی مذمت کرتے ہیں جس میں وہ کہتے ہیں کہ پاکستانی انڈسٹری میں یہ صلاحیت نہیں کہ وہ سرنج کی کھپت کو پورا کر سکے ۔ ماہرین کے مطابق اس وقت پاکستان میں سالانہ 1اعشاریہ 5 ارب سرنج کی کھپت ہے جب کہ ہم اس سے زیادہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان(ڈریپ )کے احکامات کی روشنی میں ہم نے اپنی تمام مشینیں نئی لگائی ہیں جس پر ہماری انڈسٹری کا کروڑوں روپے خرچہ آیا ہے لیکن اس باوجود ملک بھر میں کوئی قلت نہیں اور ہم نے فوری طور پر آٹو ڈیس ایبل سرنج بنانا شروع کر دی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پرانی سرنج ابھی تک میڈیکل اسٹورز پر فروخت ہورہی حالانکہ اس پر پچھلے سال نومبر میں حکومت کی طرف سے پابندی لگائی جاچکی ہے ،لیکن اس معاملہ پر متعلقہ حکام کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔

ای پیپر دی نیشن