ایئرانڈیاکا یوکرائن سے شہریوں کو واپس لانے کیلئے 3 پروازیں چلانےکا فیصلہ

Feb 19, 2022 | 16:28

ویب ڈیسک

بھارت کی فضائی سروس " ایئر انڈیا " یوکرائن چھوڑنے کے خواہشمند افراد کیلئے آئندہ ہفتے یورپی ملک کیلئے 3 پروازیں چلائے گی۔کمپنی کے ایک عہدیدار نے ہفتہ کے روز ٹویٹ کیا کہ ایئرانڈیا 22، 24 اور 26 فروری کو بھارت اور یوکرائن کے مابین بوریسپل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 3 پروازیں چلائے گی۔ ٹکٹوں کی بکنگ ایئر انڈیا کے بکنگ دفاتر، ویب سائٹ، کال سینٹر اور مجاز ٹریول ایجنٹس کے ذریعے کرائی جا سکتی ہے۔تاہم وزارت برائے خارجہ امور(ایم ای اے)کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ یہ انخلا کا منصوبہ نہیں محض تجارتی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہے۔ایم ای اے کے ترجمان ارندم باغچی نے دو دن پہلے ذکر کیا تھا کہ فوری طور پر انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یوکرائن میں بھارت کا سفارتخانہ اپنے شہریوں کو مطلوبہ خدمات فراہم کرنے کیلئے معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ارندم باغچی نے جمعرات کو نئی دہلی میں ایک باقاعدہ پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ فوری طور پر انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، اس لیے کوئی خاص پروازیں نہیں چلائی جا رہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی فضائی کمپنیوں کو بھارت اور یوکرائن کے مابین چارٹرڈ پروازیں چلانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

مزیدخبریں