غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل کھیلنے کیلئے پر جوش ، لیگ برقرار رکھنا چیلنج : نجم سیٹھی 

Feb 19, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر) کراچی میں دہشتگردی کے باوجود تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستانی سکیورٹی اداروں کے فول پروف حفاظتی انتظامات کے باعث پی ایس ایل مکمل کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں۔پی سی بی اور فرنچائز مالکان نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں دہشتگردی کیخلاف اقدامات اور سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا کہ اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی اسی جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ واقعات پیش آتے رہتے ہیں،پی ایس ایل جاری رہیگا۔میچز شیڈول کے مطابق ہونگے،ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے،لیگ کو برقرار رکھنا  چیلنج ہے، غیر معمولی تعاون پر سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں، گراس روڈ پر اقدامات کیساتھ ویمنز لیگ کا بھی انعقاد کرائیں گے۔ جب پی سی بی چھوڑ کر گیا تو ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر تھی،وزیراعظم نے مجھے بلا کر کہا کہ پی سی بی میں جائیں، وہاں سب کچھ گڑ بڑ ہے،میں نے ان سے کہا کہ پہلے ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو بحال کریں،اگست تک ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بحال کرنی ہے،اگست، ستمبر تک نیا کرکٹ سیزن شروع ہوجائیگا۔ امید ہے کہ آٹھ سے دس ڈیپارٹمنٹ بحال ہوجائیں گے،کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کو بورڈ میں بھی شامل کریں گے،میں نے فیصلہ کیا تھا کہ ویمنز کرکٹ کو بحال کرنا ہے اور ویمنز لیگ کروانی ہے،جیسے ہی ہم نے ویمنز لیگ کا اعلان کیا،بھارت اور آئی پی ایل نے اپنی ویمنزلیگ کا اعلان کردیا۔اس سال ہم ویمنزلیگ لانچ کرنے جارہے ہیں، پی ایس ایل 8میں ویمنز کے کچھ میچز رکھے ہیں۔ 2018 میں 5  اکیڈمیز کی بحالی کے اقدامات کیے تھے، اب پتا چلا کے  اکیڈمیز کی بحالی کا معاملہ وہیںرکا ہوا ہے۔ سوچ تھی کہ ڈومیسٹک  میں بہتری لائے جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو تگڑا ہونا چاہیے، یہ مناسب نہیں کہ چیئرمین تبدیل ہو تو سارے کام رک جائیں۔ نجم سیٹھی نے ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی سے ملاقات کی جس میں انہوں فاسٹ بائولر کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوںنے فاسٹ بائولر کی ہسپتال سے جاری کردہ تصاویر دیکھنے کے بعد ملاقات کی۔دھانی کی عیادت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ آپ ملک کا اثاثہ ہیں اس لیے آپ اپنا خیال رکھیں،اس طرح کی انجریز ہوتی رہتی ہیں،امید کرتا ہوں کہ آپ کو جلد ایکشن میں دیکھیں گے۔ جس پر شاہنواز دھانی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں