لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کا فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، عماد وسیم کی شاندار باؤلنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹرز کو رنز بنانے سے روکے رکھا، پریشر کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتی رہی۔مشکلات کا شکار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو مارٹن گپٹل کی شاندار بیٹنگ نے سہارا دیا، گپٹل نے وکٹ بچانے کے ساتھ ساتھ جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی اننگز کھیلی، گپٹل کے بعد افتخار احمد 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی باقی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی 5 رنز سے زیادہ سکور نہ کر سکا، کپتان سرفراز احمد 5، عمر اکمل 4 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ جیسن روئے اور عبداللہ بنگلزئی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے‘ٹیم نے 7وکٹوںپر 168رنز بنائے ۔ عماد وسیم اور عامر یامین 3، 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 162 رنز ہی بنا سکی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 رنز سے میچ جیت لیا۔ کوئٹہ کے بیٹرزشعیب ملک نے 71اور عرفان نیازی نے 37رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے ۔ شرجیل خان صفر ‘جیمز ونس بائیس ‘حیدر علی صفر ‘میتھیو ویڈ پندرہ ‘کپتان عماد وسیم پانچ رنز بناسکے ۔ محمد حسنین نے دو ‘نسیم شاہ ‘محمد نواز اور قیس احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ مارٹن گپٹل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل 8 میں یہ پہلی فتح ہے، اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کراچی کنگز کی ٹیم ایونٹ کا مسلسل تیسرا میچ ہار گئی ہے، کراچی کنگز کو پہلے میچ میں پشاور زلمی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شکست دی تھی۔
گپٹل کی سنچری ، کراچی کنگز کو مسلسل تیسری شکست ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی کامیابی
Feb 19, 2023