بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخ کرانے کا حکم 

Feb 19, 2023

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے جاری پولیس کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے، بالخصوص سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈز نادرا کیساتھ کلوز کوارڈی نیشن سے کینسل کروائے جائیں۔ جو اشتہاری بیرون ملک مفرور ہیں، انٹرپول، ایف آئی اے کے تعاون سے کاروائیوں کیساتھ ساتھ ایف آئی آر کے مدعیوں سے قریبی رابطے رکھتے ہوئے ان کے پاسپورٹس منسوخ کروائے جائیں۔ قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے لاکر بہترین انتظامات کئے جائیں۔ تمام بڑے تعلیمی اداروں اورہاسٹلزکے گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے۔ دوران ملازمت انتقال کرنے والے تمام پولیس اہلکاروں کے بچوں کو بھی بھرتی کے دوران ترجیح دی جائے۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور کو کہاکہ بچوں سے زیادتی سے متعلقہ کوئی کیس زیر التواء نہ رہے،15روز بعد دوبارہ اپ ڈیٹ لوں گا۔ آئی جی پنجاب نے 2022کے زیر التواء مقدمات کی تمام مثلوں ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی سی پی او آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات کے قلع قمع اور بچوں سے متعلقہ جرائم کے خاتمے کیلئے احکامات جاری کئے۔

مزیدخبریں